ہندوستان: فورسز کی کارروائی11 نکسلی ہلاک
چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں آج صبح پولیس نے نکسلی کیمپ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 11 نکسلی ہلاک ہو گئے۔
بستر آئی جی وویکانند سنہا اور ڈی آئی جی پی سندرراج کا کہنا ہے کہ برکاپال علاقے کے جنگلوں میں نکسلیوں اورپولیس فورس کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں ایک مرد اور ایک خاتون نکسلی کی لاشیں برآمد کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موقع سے برآمد 11 بندوقیں اور تصادم کے مقام پر ثبوت و شواہد، خون کے داغ اور گھسیٹے جانے کے علامات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ تصادم میں کم از کم 11 نکسلی ہلاک اور بہت سے زخمی ہوئے ہیں۔ باقی ساتھیوں کی لاشیں نکسلی اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ 11 نکسلیوں کے مارے جانے کی اس بات سے بھی تصدیق ہوتی ہے کہ نکسلی کبھی ہتھیار چھوڑ کر نہیں بھاگتے اور 11 بندوقوں کا ملنا خود اس بات کا بین ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے 11 بندوقیں، بینر، پوسٹر، نکسلی لٹریچر، دوائیاں، گولہ بارود، ڈیٹونیٹر، بجلی کے تار، بیٹری، اور بھاری مقدار میں روز مرہ میں استعمال کی چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔