دنیا میں کوئی ملک تنہا ترقی نہیں کر سکتا: نریندرمودی
ہندوستان کے وزیراعظم نے چوتھی بمسٹیک کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں کہا کہ ہمیں ایک ساتھ چلنا ہے۔ ہم سب ترقی پذیر ممالک ہیں اور امن و ترقی چاہتے ہیں لیکن آج کی دنیا میں یہ تنہا حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے سات ممالک کے علاقائی گروپ بمسٹیک کی کانفرنس میں رکن ممالک کے درمیان مشترکہ ثقافت کا ذکر کرتے ہوئے ان سے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کی اپیل کی اور کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک تنہا ترقی، امن اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ رابطے کو وسیع دائرے میں دیکھا جانا چاہئے - ڈیجیٹل سے کاروبار اور سڑک تک اس کے دائرے میں آنا چاہئے۔ اس تناظر میں انہوں نے کہا کہ بمسٹیک ساحلی جہاز رانی معاہدے اور بمسٹیک موٹر گاڑی معاہدے کو عملی جامہ پہنائے جانے کی ضرورت ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان بمسٹیک ممالک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے تئیں پابند ہے۔ ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے دو اہم پروگرام ایکٹ ایسٹ اورنیبر ہڈ فرسٹ پورے علاقے کی ترقی پر مرکوز ہیں۔
دوسری جانب کل ہندوستان کےوزیراعظم نریندرمودی اور سری لنکا کے صدر میتری پال سری سینا کے مابین نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹویٹ کیاکل ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ رشتوں کو مستحکم بنانے کے لئے باہمی تعاون اور دیگر شعبوں کو مضبوط بنانے کےسلسلے میں مثبت بات چیت ہوئی ۔
اس سے پہلے نریندرمودی اور دیگر بمسٹیک رہنماؤں نے مشترکہ طورپر نیپال کی صدر ودیا دیوی بھنڈاری سے ملاقات کی ۔