Sep ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۴:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں حزب اختلاف کی ملک گیر ہڑتال

ہندوستان میں حزب اختلاف کی ملک گیر ہڑتال سے معمول کی زندگی خاصی متاثر ہوئی ہے۔

ہندوستانی خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کی اپیل پر ہونے والی ملک گیر ہڑتال کی حزب اختلاف کی دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی حمایت کی۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کانگرس پارٹی کے بھارت بند میں حزب اختلاف کی دیگر اکیس سیاسی جماعتوں نے بھی حصہ لیا۔ یو این آئی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف کانگریس پارٹی کے اعلان پر پیر کو بھارت بند کا ملک کی مختلف ریاستوں میں ملا جلا اثر رہا۔

ہندوستان کے قومی دارالحکومت نئی دہلی میں کانگریس صدر راہل گاندھی کی قیادت میں اہم اپوزیشن پارٹیوں نے راج گھاٹ سے رام لیلا میدان تک ریلی نکالی۔ ریلی کے رام لیلا میدان پر پہنچنے کے بعد وہاں دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں ترقی پسند اتحاد(یوپی اے)کی سربراہ سونیا گاندھی، سابق وزیراعظم من موہن سنگھ، کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد اور احمد پٹیل کے علاوہ ، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، جنتا دل یونائیٹیڈ، عام آدمی پارٹی، ترنمول کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

ریاست بہار میں بھارت بند کی حمایت میں کانگریس، آرجے ڈی ، ہندوستانی عوام مورچہ، جن ادھیکار پارٹی، سماجوادی پارٹی اور لوک تانترک جنتا دل کےلیڈران اور کارکنان صبح سے ہی سڑکوں پر اتر آئے اور انھوں نے مظاہرے کئے، دھرنے دیئے اور بند کو کامیاب بنانے کی کوشش کی۔ بھارت بند کے دوران ہندوستان کے بعض علاقوں سے توڑ پھوڑ کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔