ہندوستان: وزیر اعظم پر حزب اختلاف کے رہنما کا الزام
ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندرمودی اور ان کی حکومت کو رافیل سودے کے تعلق سے پھر نشانے پر لیا۔
رافیل سودے پر پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں پورے دن کی بحث و ہنگامے کے بعد بدھ کی شام ایک پریس کانفرنس میں کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم اور ان کی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ رافیل ڈیل کی، جے پی سی، سے جانچ کرائی جائے-
راہل گاندھی نے اپنی پریس کانفرنس میں وزیراعظم نریندرمودی اور وزیرخزانہ ارون جیٹلی پر جم کر حملہ کیا- راہل گاندھی نے ہندوستانی وزیراعظم کو براہ راست مباحثے اور مناظرے کی دعوت بھی دی- انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کو صرف بیس منٹ کے مناظرے اور مباحثے کے لئے چیلنج کرتے ہیں-
انہوں نے رافیل ڈیل کے بارے میں سپریم کورٹ کے حالیہ ریمارکس کے بارے میں کہا کہ عدالت نے یہ نہیں کہا ہے کہ اس میں بدعنوانی نہیں ہوئی ہے بلکہ اس کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے دائرہ اختیار سے باہر ہے- اس سے پہلے لوک سبھا میں رافیل سودے پر حکمراں جماعت بی جے پی اور کانگریس کے درمیان پورے دن بحث ہوتی رہی-
ایک موقع پر کانگریس کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ بار بار جھوٹ بولنے سے کوئی چیز سچ نہیں ہو جاتی-