Jan ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کے 28 ہزار سے زائد مزدوروں کی ہلاکت

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران خلیج فارس کے عرب ملکوں میں ہندوستان کے اٹھائیس ہزار پانچ سو سے زائد محنت مزدوری کرنے والے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز ہندوستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار چودہ سے دو ہزار سولہ کے دوران صرف سعودی عرب میں بارہ ہزار آٹھ سو اٹھائیس محنت کش ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات میں لگ بھگ سات ہزار آٹھ سو ستتر ہندوستانی مزدور مارے گئے ہیں۔

سعودی عرب میں ہندوستان کے تقریبا تیس لاکھ شہری رہائش پذیر ہیں جبکہ اس ملک میں ہندوستانی محنت کشوں کی صورت حال انتہائی افسوسناک ہے اور ان میں سے کافی لوگ مختلف وجوہات منجملہ تشدد، نادرست رویے اور مالکوں کی ایذارسانی کے نتیجے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں کے دوران سعودی عرب میں غیر ملکیوں منجملہ ہندوستانی محنت کشوں کے ساتھ سعودی مالکوں اور ٹھیکے داروں کا پر تشدد رویہ ان ہندوستانیوں کے گھرانوں کی گہری تشویش کا باعث بنا ہے۔