بی جے پی کو ختم کر کے ملک کو بچانے کا وقت آگیا: ہندوستانی اپوزیشن
کلکتہ میں ممتا بنرجی کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں نے مودی ہٹاو اور دیش بچاو کا نعرہ لگاتے ہوئے بی جے پی کی موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےسماج وادی پارٹی کےصدر اور اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادونےکہا کہ عوام اس بار لوک سبھا الیکشن میں نیا وزیراعظم منتخب کرے گی۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ آج مغربی بنگال سے اپوزیشن اتحاد کا جو پیغام دیا جا رہا ہے، اس کا پورے ملک میں اثر ہوگا۔ بی جے پی کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔
مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابنرجی نے لاکھوں کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلکتہ سے جو آواز بلند ہوگی اس کی گونج ملک کے کونے کونے تک پہنچے گی۔
دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے اس موقع پرکہا نریندر مودی اور امت شاہ ملک کے لئے خطرہ ہیں ان لوگوں کو اقتدار سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔
کلکتہ میں بھاجپا کیخلاف اپوزیشن کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے کہ بی جے پی کو ختم کیا جائے اور اسکے لئے لازمی ہے کہ الیکشن مشترکہ طور پر لڑیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا لوگوں کو علاقائی اور مذہب کی بنیاد پرتقسیم کیا جارہا ہے،70سال کے بعد ایک اور چیلنج کا سامنا ہے، شمال مشرقی ریاستوں میں آگ پھیلائی جارہی ہےاگرملک کو بچانا ہے تو سبھی کو کچھ نہ کچھ قربانی دینی پڑے گی۔