ہندوستان میں عام انتخابات کی گہماگہمی شروع
ہندوستان میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں جن کے دوران حکمراں اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف الزامات بھی لگائے جارہے ہیں ۔
ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدعنوانی، گندگی اور سماجی برائیوں سے لڑنے والا ہر شخص چوکیدار ہے۔ انھوں نے خود کو ملک کا چوکیدار قرار دیتے ہوئے کہا’’آپ کاچوکیدار مضبوطی سے کھڑا ہے اور ملک کی خدمت کر رہا ہے۔دوسری طرف بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر’اصل ایشوز‘ سے عوام کی توجہ بھٹکانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے اپنے پرچار پر تین ہزار چوالیس کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔
محترمہ مایاوتی نے کہا کہ مسٹر مودی اپنے پورے دور حکومت کے دوران سنگ بنیاد جیسے پروگراموں میں مصروف رہے ہیں اور اب غربت اور روزگار جیسے مسائل سے عام لوگوں کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں.
وزیراعظم اصل ایشوز پر انتخابی بحث روکنے کیلئے گڑے مردے اکھاڑ رہے ہیں۔ ریاست یوپی کی سابق وزیر اعلا مایاوتی نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی حکومت کی بدترین ناکامیوں کو چھپا رہے ہیں۔