گوا کے نئے وزیراعلی کی حلف برداری
ہندوستان کی ریاست گوا میں پیر کو دیر رات سابق اسمبلی اسپیکر پرمود ساونت کو گوا کے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کے ساتھ ہی 11 نئے کابینہ وزراء نے بھی حلف اٹھا لیا۔
گورنر مردلا سنہا نے شہر کے قریب ڈونا پالا واقع راج بھون میں ڈاکٹر ساونت کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر 11 نئے وزراء کو بھی حلف دلایا گیا ۔
وزراکے درمیان اب تک وزارتوں کی تقسیم نہیں کی گئی ہے لیکن مسٹر دھولیکر اور مسٹر سردیسائی کو نائب وزیر اعلی بنائے جانے کا امکان ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی سطح کے رہنماؤں اور اتحادی ساتھی مہاراشٹر وادی گومانتک پارٹی اور گوا فارورڈ پارٹی کے درمیان پیر کودن بھرجاری میٹنگوں کے بعد آدھی رات کے بعد ڈاکٹر ساونت اور 11 وزراء نے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے گوا کے نو منتخب وزیر اعلی پرمود ساونت کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر ہے کہ وہ گوا کے عوام کی امیدوں پر کھرا اتریں گے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ساونت نے پیر کے روز دیر رات وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا۔ انہوں نے کینسر سے مبتلا وزیر اعلی منوہر پاریکر کے 17 مارچ کو انتقال کے بعد یہ عہدہ سنبھالا ہے۔