ہندوستان میں کل تیسرے مرحلے کے انتخابات کیلئے ووٹنگ
انتخابی تشہیر کے دوران کئی ریلیاں، روڈ شو اور عوامی اجلاس منعقد کئے گئے اور جھنڈے اور پوسٹر بھی لگائے گئے۔
ہندوستان کی پارلیمنٹ لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کل منگل کے روز16ریاستوں کی 117سیٹوں اور اوڈیشہ اسمبلی کی42 سیٹوں پر ہونے والی پولنگ کے لئے انتخاتی تشہیری مہم کل اتوار کی شام پانچ بجے ختم ہوگئی۔ یہ 17ویں لوک سبھا کے لئے ہورہے انتخابات کا سب سے بڑا مرحلہ ہے۔ 16 ریاستوں کی 117سیٹوں کے لئے ہونے والی پولنگ کے پیش نظر مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے انتخابی تشہیری مہم میں بھر پور طریقے سےحصہ لیا۔ اوڈیشہ اسمبلی کی 147 سیٹوں میں سے 42پر تیسرے مرحلہ میں متعلقہ لوک سبھا سیٹوں کے ساتھ ہی پولنگ کرائی جائے گی۔ تیسرے مرحلہ کے ساتھ ہی جنوبی ہندوستان میں الیکشن پوری طرح ختم ہوجائے گا۔
اس مرحلہ میں لوک سبھا کی 117سیٹوں پر 1630سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ کانگریس کے صدر راہل گاندھی کیرالہ کے وائناڈ سے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر ملائم سنگھ یادو اور ان کے کنبہ کو سیاسی امتحان سے گزرنا ہے۔ اس مرحلے میں پوری طرح سے اکھیلیش یادو اور وزیراعظم نریندر مودی کے مابین سیاسی لڑائی لڑی جارہی ہے۔