ہندوستان کو دہشت گردی سے خطرہ: نریندر مودی
نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف سخت رویہ اپنایا ۔
بہرائچ میں منگل کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کےوزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ دہشت گردی ملک سے ابھی مکمل طور سے ختم نہیں ہوئی ۔
نریندر مودی نے دعوی کیا کہ ان کے پانچ سالہ دور حکومت میں کسی بھی مذہبی مقام پر دہشت گردانہ حملے نہیں ہوئے ہم نے دہشت گردی کے خلاف سخت رویہ اپنایا ہے ۔
انہوں نے اترپردیش کی ایس پی۔ بی ایس پی کی سابقہ حکومتوں پر دہشت گروں کے خلاف کچھ نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹیاں دہشت گردی کے خلاف بالکل بھی سنجیدہ نہیں تھیں اور نہ ہی مستقبل میں یہ کچھ کرسکتی ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ دہشت گردوں کے گروپ مودی سے خائف ہیں اور انہوں نے اپنی سرگرمیاں روک رکھی ہیں لیکن اگر کمزور حکومت اقتدار میں آئی تو وہ دوبارہ متحرک ہوجائیں گے۔
انہوں نے کانگریس پر بھی دہشت گردی کے معاملے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اب وہ لوگ (کانگریس) کہہ رہی ہے کہ وہ افسپا کو ختم کردیں گے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ دہشت گردوں سے مقابلے کے لئے فوج کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔