ہندوستان ؛ سی اے اے اور این آرسی کے معاملے پر زبردست ہنگامہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i361536-ہندوستان_سی_اے_اے_اور_این_آرسی_کے_معاملے_پر_زبردست_ہنگامہ
ہندوستان کی پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں بجٹ اجلاس کے دوران سی اے اے اور این آرسی کے معاملے پر زبردست ہنگامہ ہوا اور دونوں ایوانوں میں کارروائی کو متعدد بار ملتوی کرنا پڑا-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان ؛ سی اے اے اور این آرسی کے معاملے پر زبردست ہنگامہ

ہندوستان کی پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں بجٹ اجلاس کے دوران سی اے اے اور این آرسی کے معاملے پر زبردست ہنگامہ ہوا اور دونوں ایوانوں میں کارروائی کو متعدد بار ملتوی کرنا پڑا-

ہندوستانی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں پیر کو بجٹ اجلاس کے دوران حزب اختلاف کی جماعتوں کے ممبران نے سی اے اے اور این آر سی کے معاملے پر حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اس دوران حزب اختلاف کی جماعتوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور شاہین باغ میں فائرنگ کے واقعات کا معاملہ بھی پورے زور وشور کے ساتھ اٹھایا۔ بجٹ اجلاس کی کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس اوردیگر اپوزیشن جماعتوں نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف نعرے لگائے اور وزیرمملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر کی پرزور مخالفت کی -

واضح رہے کہ بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ اور وزیرمملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر نے دہلی میں ایک انتخابی جلسے میں اشتعال انگیز نعرے لگوائےتھے جس پر الیکشن کمیشن نے ان کی انتخابی مہم پر پابندی بھی لگادی تھی - ادھر پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی سی اے اے اور این آرسی کے مسئلے پر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے نہ تو وقفہ صفر ہوسکا اور نہ ہی وقفہ سوال ۔ اور ایوان کی کارروائی دوبار ملتوی کرنی پڑی - اس درمیان سی اے اے اور این آر سی کے خلاف دہلی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنے اور مظاہرے ہو رہے ہیں ۔ جبکہ حکومت کی جانب سے بار بار یہ کہا جا رہا ہے کہ سی اے اے سے کسی کی شہریت نہیں جائے گی لیکن مظاہرین اور اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ آئین پر حملہ ہے ۔

لوک سبھا میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے شاہین باغ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے باہر فائرنگ کے واقعات پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زبردست تنقید کی ہے انہوں نے کہا کہ جولوگ طلبا اور بچوں پر گولیاں چلا رہے ہیں ان کو شرم آنی چاہئے -

یاد رہے کہ اتوار کی رات ایک بار پھر جامعہ ملیہ اسلامیہ کےگیٹ نمبر پانچ کے باہر اسکوٹر پرسوار دو شرپسندوں نے فائرنگ کی تاہم کسی کوکوئی نقصان نہیں ہوا - پچھلے چار روز میں جامعہ کے باہر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ دوسری جانب دہلی کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کی بیان بازیاں اپنے عروج پر ہیں اور بی جے پی و عام آدمی پارٹی ایک دوسرے پر زبردست حملے کر رہی ہیں - بی جے پی نے اس الیکشن میں شاہین باغ جیسے معاملے کو انتخابی مہم کا موضوع بنا رکھا ہے جبکہ عام آدمی پارٹی نے دہلی میں اپنی گذشتہ پانچ سال کی کارکردگی پر ووٹ مانگنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔