ہندوستان کا پاکستان سے ملحق سرحد پر ٹینک شکن میزائل نصب کرنے کا اعلان
Feb ۰۷, ۲۰۲۰ ۲۰:۱۳ Asia/Tehran
ہندوستان کے آرمی چیف لیفٹننٹ جنرل منوج مکنڈ نروانے نے پاکستان سے ملحق سرحد پر ٹینک شکن میزائل نصب کرنے کی خبر دی ہے۔
جنرل منوج مکنڈ نروانے نے جمعے کو اعلان کیا کہ ہندوستان نے پاکستان سے ملحق سرحدی علاقے میں فوجی اقدامات بڑھا دیئے ہیں اور دیگر جدید ترین ہتھیاروں کے ساتھ ہی اسرائیلی ساخت کے اسپایک ٹینک شکن میزائلوں کو بھی تعینات کردیا ہے۔ ہندوستانی فوج کے سربراہ نے یہ دعوی کرتے ہوئے کہ پاکستان، کشمیر کے راستے ہندوستان میں چھاپہ ماروں کو بھیجنا چاہتا ہے کہا کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی میں اضافہ ہوا ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوہزار تین میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا لیکن اس وقت سے لے کر اب تک دونوں ملکوں نے با رہا اس کی خلاف ورزی کی ہے۔
کشمیر ، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک متنازعہ مسئلہ ہے اور دونوں ملک اس پر مالکیت کے دعوے دار ہے۔ کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے خواہاں ہیں لیکن حکومت ہندوستان ہمیشہ اس کی مخالفت کرتی ہے۔