Feb ۲۴, ۲۰۲۶ ۲۰:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان ؛کرناٹک کے وزیراعلیٰ  کی مرکزی حکومت پر تنقید ، منریگا اسکیم کی بحالی کا مطالبہ

ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر قیادت مرکزی حکومت پر منریگا اسکیم کو ختم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کی بحالی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان  ہندوستانی میڈیا کے مطابق دیہی روزگار گارنٹی اسکیم منریگا کے خلاف مرکزی حکومت کے اقدامات کی شدید مخالفت کا سلسلہ جاری ہے ۔

اس دوران کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر قیادت مرکزی حکومت پر منریگا اسکیم کو ختم کرنے کا الزام لگایا اور اس کی بحالی تک احتجاج جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے منریگا سنگرام بچاؤ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے لائے گئے ایک نئے قانون کے ذریعے دیہی روزگار اسکیم کو تبدیل کرنے کے خلاف کانگریس پورے ملک میں لڑائی لڑے گی۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

انہوں نے واضح کیا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو دو ہزار پانچ میں سونیا گاندھی کی قیادت میں آنجہانی منموہن سنگھ کے وزیر اعظم رہتے ہوئے نافذ کیا گیا تھا تاکہ دیہی مزدوروں، قبائلیوں، چھوٹے کسانوں اور خواتین کو روزگار فراہم کیا جا سکے۔ وزیر اعلی سدارامیا نے الزام لگایا کہ یہ قانون پارلیمنٹ میں مناسب بحث کے بغیر پاس کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ منریگا کی منسوخی سے تقریباً بارہ کروڑ مزدور متاثر ہوئے ہیں جن میں سے تقریباً ترپن فیصد خواتین اور اٹھائیس فیصد کا تعلق درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل سے ہے۔

 

ٹیگس