Mar ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۴ Asia/Tehran
  • مدھیہ پردیش فلور ٹیسٹ پر سماعت بدھ کو  ہوگی: سپریم کورٹ

ہندوستانی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ مدھیہ پردیش اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کے معاملے کی سماعت بدھ کو کرے گی۔

ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق منگل کو ہندوستانی سپریم کورٹ کے جسٹس وائی چندر چوڑ اور جسٹس ہیمنت گپتا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مدھیہ پردیش کی سیاسی صورتحال اور ریاستی اسمبلی میں فلور ٹسٹ کے تعلق سے بی جے پی کے سینیئر لیڈر اور سابق وزیر اعلی شیوراج چوہان اور دیگر افراد کی عرضیوں پر، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ اور دیگر مدعا علیہان کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
سپریم کورٹ کی دو رکنی بینچ نے بدھ تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اس کیس کی سماعت بدھ کو ساڑھے دس بجے ہو گی۔ 
قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی شیوراج چوہان اور ریاستی اسمبلی کے نو دیگر ارکان نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کر کے، اسمبلی اسپیکر پر فلور ٹیسٹ ٹالنے کا الزام لگایا ہے۔ عرضی گزاروں نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ ریاستی حکومت کو جلد از جلد اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کا حکم دیا جائے۔ 
یاد رہے کہ ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش میں آدتیہ سندھیا اور بائیس کانگریسی اراکین اسمبلی کے استعفے کے بعد سیاسی بحران پیدا ہوگیا ہے اور بی جے پی رہنما، کمل ناتھ حکومت سے اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ 

ٹیگس