غاصب صیہونی حکومت پورے علاقے پر قبضہ کرنے کے درپے ہے؛ شیخ نعیم قاسم
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت نہ صرف فلسطین بلکہ پورے علاقے پر قبضہ کرنا چاہتی ہے-
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے شہید کمانڈروں شیخ راغب حرب، سید عباس موسوی اور حاج عماد مغنیہ کے یادگار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ان شہیدوں کے ایثار کے نتیجے میں سن 2000 اور سن 2006 کی بڑی کامیابیاں ممکن ہوسکیں۔ اس موقع پر انہوں نے صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے مقابلے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لبنان میں استقامت کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے اور اس کی وجہ حزب اللہ کا قومی، ملی، اسلامی اور انسانی جذبہ ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اس وقت ہمیں ایسے غاصبوں کا سامنا ہے جو نہ صرف فلسطین بلکہ پورے علاقے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ صیہونی حکومت غرب اردن کو آہستہ آہستہ کرکے مقبوضہ سرزمینوں میں شامل کر رہی ہے اور غزہ کی 60 فیصد سرزمینوں پر بھی براہ راست قبضہ کیے ہوئے ہے اور 40 فیصد پر روزانہ جارحیت کر رہی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ ان تمام واقعات کی براہ راست ذمہ داری ٹرمپ پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کسی بھی معاہدے کی پابند نہیں رہتی اور اوسلو اور میڈرڈ سے لیکر غزہ امن معاہدے تک اس حقیقت کو دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایسے دشمن کا سامنا ہے جو انسانیت کی دشمن ہے اور ایسی صورت میں استقامت کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ باقی نہیں رہتا۔