پاک و ہند میں کورونا سے 90 ہزار متاثر 2600 ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i365775-پاک_و_ہند_میں_کورونا_سے_90_ہزار_متاثر_2600_ہلاک
دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۰۹, ۲۰۲۰ ۰۶:۱۰ Asia/Tehran
  • پاک و ہند میں کورونا سے 90 ہزار متاثر 2600 ہلاک

دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج بروز ہفتہ جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے2680 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 60 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے ۔

مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس سے اب تک 59662 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1981 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ وہیں اب تک 1787 افراد صحت یاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا ہے ۔

ہندوستان میں کورونا سے سب سے زائد مہاراشٹر متاثر ہوا ہے ۔ مہاراشٹر میں 19063 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 731 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ریاست گجرات دوسرے مقام پر ہے اور گجرات میں اب تک 7402 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 449 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ دارالحکومت دہلی کی حالت بھی اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ یہاں اس سے اب تک 6318 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 68 افراد نے جان گنوائی ہے ۔

ادھر پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 27 ہزار 474 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 619 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 19 ہزار 99 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 7 ہزار 756 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 221 ہلاکتیں ہوئیں۔ جس کے بعد پنجاب میں کورونا سے191 افراد، سندھ میں کورونا وائرس سے176 افراد، بلوچستان میں 24 افراد اور گلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 609 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 4 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔