پاک و ہند میں بھی بے دردی سے شکار کر رہا ہے کورونا
دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے اتوار کو جاری شدہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں اس کے 3277 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس دوران 128 افراد کے ہلاک ہونے سے اموات کی تعداد 2109 ہو چکی ہے۔
مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں اب تک 62939 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 2109 افراد کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے تاہم 19538 افراد صحت یاب ہونے میں بھی کامیاب رہے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔
دوسری جانب پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 ہزار 991 کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے مزید 21 افراد موت کے منہ میں پہنچ گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 29 ہزار 465 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 641 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے ملک میں 20 ہزار 801 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 8 ہزار 23 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 234 ہلاکتیں ہوئیں۔ جس کے بعد پنجاب میں کورونا سے194 افراد، سندھ میں کورونا وائرس سے181 افراد، بلوچستان میں 24 افراد اور گلگت بلتستان میں 4 افراد لقمۂ اجل بنے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 641 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 5 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔