پاک و ہند میں کورونا سے ہلاکتیں 8168 ہو گئیں
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i367185-پاک_و_ہند_میں_کورونا_سے_ہلاکتیں_8168_ہو_گئیں
پاکستان اور ہندوستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۰۵, ۲۰۲۰ ۰۷:۲۲ Asia/Tehran
  • پاک و ہند میں کورونا سے ہلاکتیں 8168 ہو گئیں

پاکستان اور ہندوستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں روز افزوں اضافے کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر ڈھائی لاکھ سے قریب ہوگئی ہے اور ہلاک شدگان کی تعداد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 273 اموات کے ساتھ 6348 تک جا پہنچی ہے۔

جمعہ کو وزارت صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9851 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 226770 ہوگئی ہے جبکہ 109462 افراد اس وبا سے شفایابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اس وبا سے ملک میں مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ ریاست میں اس وبا سے متاثرافراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 77793 ہوگئی ہے اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2710 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں نہ صرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 4 ہزار 896 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 68 مریض انتقال کر گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 89 ہزار 249 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 838 ہو گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے 56 ہزار 213 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 31 ہزار 198 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا سے ہلاکتیں دوسرے صوبوں سے زیادہ یعنی 629 ہو گئی ہیں۔ سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے 575  مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 11 ہزار 890 ہو چکی ہے جبکہ اموات 521 ہو گئیں۔ کورونا وائرس کے بلوچستان میں 53 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

اسلام آباد میں 3 ہزار 946 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 41 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔