Jun ۰۵, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا رینکنگ میں چھٹے نمبر پر پہونچا

ہندوستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں روز افزوں اضافے کے ساتھ ، متاثرین کی مجموعی تعداد دو لاکھ پینتیس ہزار سے تجاوز کر گئی۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا مریضوں کی تعداد تیزی کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید دو سو تہتر اموات کے ساتھ چھے ہزار تین سو اڑتالیس تک جا پہنچی ہے۔

جمعہ کو صحت کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری کئے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ، نو ہزار آٹھ سو اکیاون نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ پینتیس ہزار سات سو انہتر تک جا پہونچی ہے اور اس طرح ہندوستان کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں چھٹے نمبر پر آگیا۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت ہندوستان میں کورونا کے ایک لاکھ دس ہزار نو سو ساٹھ فعال کیسز ہیں جبکہ ایک لاکھ نو ہزار چار سو باسٹھ افراد اس وبا سے شفایابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ مذکورہ ریاست میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو ہزار نو سو تینتیس نئے کیسز جبکہ ایک سو تئیس اموات رکارڈ کی گئی ہیں۔ اس طرح ریاست مہاراشٹر میں کووڈ نائینٹین سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر ستتر ہزار سات سو ترانوے اور مرنے والوں کی تعداد دو ہزار سات سو دس ہوگئی ہے۔

اس عرصے کے دوران، ریاست میں ایک ہزار تین سو باون افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد تینتیس ہزار تین سو اڑسٹھ ہو گئی ہے۔

ٹیگس