قرآن مجید کی امریکہ و صیہونی حکومت کی جانب سے توہین ، یمن میں مظاہرے
یمن کے صوبۂ صعدہ میں یمنی شہریوں نے آج بروز جمعہ قرآن کریم کی توہین کی مذمت اور فلسطین کی حمایت میں مارچ کیا جبکہ حزب اللہ لبنان نے بھی قرآن کی توہین کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے-
سحرنیوز/عالم اسلام:موصولہ خبروں کے مطابق، یمنی شہریوں نے آج بروز جمعہ ملک کے شمال مغرب میں واقع صوبہ صعدہ میں "قرآن کی بےحرمتی کی مذمت اور فلسطین کی حمایت میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے۔
یہ مظاہرے امریکہ کے ایک انتخابی امیدوار کی جانب سے قرآن پاک کی بےحرمتی کے بعد کئے گئے۔
یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے بھی قرآن کی توہین کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسلامی مقدسات کے خلاف منظم جنگ کا حصہ قرار دیا۔
دو روز قبل صنعاء یونیورسٹی میں بھی صیہونی امریکیوں کی جانب سے قرآن پاک کی بار بار توہین کی مذمت میں ایک زبردست مظاہرہ کیا گيا-
دوسری جانب حزب اللہ لبنان نے بھی ایک بیان میں ایک امریکی کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے "قابل نفرت جرم اور گھناؤنا فعل" قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ عمل مسلمانوں کے مقدسات کے ساتھ ساتھ ان مذہبی اور انسانی اقدار پر بھی واضح حملہ ہے جن پر تمام ادیان آسمانی قائم ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
حزب اللہ نے امریکی حکومت کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے تاکید کی کہ واشنگٹن حکومت کی جانب سے آزادی اظہار اور عقیدے کی آزادی کے جھوٹے بہانے اس طرح کی توہین کے مرتکب افراد کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کرنے سے انکار، امریکی حکومت کے ان خطرناک اور اشتعال انگیز اقدامات کی مکمل پردہ پوشی کی نشاندہی کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ "یہ جرم کوئی انفرادی فعل نہیں ہے، بلکہ اس کے مرتکب وہ لوگ ہیں جو دین اسلام کو کمزور کرنے کے لیے عالمی استکبار کے ہاتھوں میں آلہ کار اور کٹھ پتلی بن کر کام کرتے ہیں۔لبنان کی حزب اللہ نے عرب اور اسلامی اقوام اور تمام آسمانی مذاہب کے پیروکاروں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مجرمانہ فعل کی مذمت میں وسیع ترین مہم شروع کریں اور اسلام اور دیگر ادیان آسمانی کے مقدسات پر کسی بھی حملے کے خلاف سخت موقف اختیار کریں۔