دہلی میں کورونا وائرس کے مسئلے پر امیت شاہ اور کیجریوال کا اجلاس
ہندوستان کی ریاست دہلی میں کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے معاملوں کے دوران اس ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو دہلی اور قومی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں صورت حال کا جائزہ لیا۔
ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہلی میں کورونا وائرس کی صورت حال پر ایک ہفتے میں تیسری مرتبہ میٹنگ کی ہے۔ دہلی کے وزیراعلی اروند کیجری وال، دہلی پولیس کمشنر ایس این شری واستو، قومی دارالحکومت نئی دہلی کے اضلاع کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ وزارت داخلہ اور وزارت صحت اور آئی سی ایم آر کے افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔
اس میٹنگ میں کورونا وائرس معاملوں کی تازہ صورت حال کے ساتھ ساتھ اس وبا سے نمٹنے کی تیاریوں اور منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی نئی دہلی اور این سی آر کے اضلاع کے درمیان لوگوں کی آمد و رفت کے سلسلے میں بھی بات چیت ہوئی۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ کورونا وائرس معاملات سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات اور اعلانات کا بھی میٹنگ میں ذکر کیا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے گزشتہ چار دنوں سے دہلی میں کورونا کی صورت حال کے سلسلے میں لفٹننٹ گورنر، وزیراعلی اور سینئر افسران کے ساتھ مسلسل میٹنگیں کی ہیں۔