ہندوستانی سرپیم کورٹ نے حکومت مخالف اپیل کو خارج کیا
ہندوستانی سپریم کورٹ نے ڈبلو ایچ او کی ہدایات کی خلاف ورزی اور نمستے ٹرمپ پروگرام کے تعلق سے مرکزی حکومت کے خلاف دائر کی گئی اپیل خارج کر دی ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ملک میں بروقت لاک ڈاؤن نہ لگا کے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے استقبال کے پروگرام نمستے ٹرمپ کے ذریعے صحت کی عالمی تنظیم ڈبلو ایچ او کی ہدایات کی خلاف ورزی سے متعلق الزامات کی تحقیقات کے لئے کمیشن تشکیل دئے جانے کی اپیل سپریم کورٹ میں داخل کی گئی تھی جسے اُس نے خارج کر دیا۔
یہ اپیل ملک کے بعض سابق اعلی افسران کی جانب سے معروف وکیل پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔ ہندوستان کی عدالت عظمی نے اس اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر پارلیمنٹ میں بحث ہو سکتی ہے،عدالت میں نہیں۔
اپیل میں کہا گیا تھا کہ امریکی صدر کے استقبال کے پروگرام نمستے ٹرمپ میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی تھی جبکہ اس سے قبل چار فروری کو وزارت داخلہ یہ حکم صادر کرچکی تھی کہ کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ ایک جگہ جمع نہ ہوں۔
اپیل میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ بغیر اکسپرٹ کمیٹی سے مشورہ کئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس کی وجہ سے بہت بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہو گئے۔