ایران اور پاکستان نے 10 ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے پر عمل درآمد پر زور دیا ہے۔
ایران اور پاکستان کے مشترکہ تجارتی وفود نے ایک بار پھر دونوں ممالک کے مابین طے شدہ دس ارب ڈالر کے تجارتی لین دین کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا نیوز کے مطابق کراچی میں ایران کے قونصل جنرل اور قزوین چیمبر کے وفد کے ساتھ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایف پی سی سی آئی کے اجلاس میں، فریقین نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کی تشکیل اور تجارتی حجم کو دس بلین ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ اجلاس مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے، نجی شعبے کے تعاون کو فروغ دینے اور دو طرفہ تجارت کے عمل کو آسان بنانے کے مقصد سے منعقد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ کی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو بڑھانے اور اہم شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کی راہ میں حائل چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel

اس اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اپنے معاونین اور فیڈریشن کے مختلف شعبوں کے فعال نمائندوں کے ہمراہ شریک تھے۔ نشست میں تجارتی حجم کو دس بلین ڈالر تک بڑھانے کے لئے مسلسل باہمی کوششوں پر زور دیا گیا۔ نجی شعبے کی ممکنہ صلاحیتوں سے استفادہ، مشترکہ سرمایہ کاری میں اضافہ اور اقتصادی و صنعتی شعبوں میں بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا یہ وہ موضوعات تھے جن پر خصوصیت کے ساتھ گفتگو ہوئی۔