ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i376879-ہندوستان_میں_کورونا_کے_زیر_علاج_مریضوں_کی_تعداد_میں_نمایاں_کمی
ہندوستانی وزارت صحت نے کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی کی خبر دی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی

ہندوستانی وزارت صحت نے کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی کی خبر دی ہے۔

ہندوستان کی وزارت صحت نے منگل کو بتایا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح کم ہوکے چار اعشاریہ چھے صفر فیصد رہ گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اکتیس ہزار ایک سو اٹھارہ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چورانوے لاکھ باسٹھ ہزار ہوگئی۔ ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں چار سو بیاسی کورونا کے مریض موت سے ہمکنار ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سینتس ہزار چھے سو اکیس ہوگئی۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات دہلی، مہاراشٹر اور مغربی بنگال میں ہوئی ہیں۔  رپورٹ کے مطابق دہلی میں کورونا سے ایک سو آٹھ، مہاراشٹر میں اسّی اور مغربی بنگال میں اڑتالیس اموات کا اندراج کیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں اکتالیس ہزار نو سو پچاسی افراد کورونا سے شفایاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد اٹھاسی لاکھ نواسی ہزار ہوگئی۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہوکے چار لاکھ پینتس ہزار رہ گئی ہے۔
ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح چار اعشاریہ چھے صفر فیصد، شفایابی کی شرح ترانوے اعشاریہ نو چار فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار پانچ فیصد بتائی گئی ہے۔