ہندوستان، ہیوی ڈیوٹی پاور کیبل کی زد میں آکر کئی ہلاک
ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو میں تنجاور کے پاس ایک مندر کی رتھ یاترا کے دوران کرنٹ لگنے سے تین نابالغوں سمیت گیارہ لوگوں کی موت واقع ہو گئی،جبکہ کئی دیگر جھلس گئے۔
رپورٹ کے مطابق وسطی علاقے کے پولیس انسپیکٹر جنرل بالا کرشنن کا کہنا ہے کہ گاؤں والوں کے ذریعہ تشکیل شدہ ایک شیو پراتھنا کلب نے ساتویں دہائی کے تمل شاعر سنت شری اپر کی یاد میں رتھ یاترا کا انعقاد کیا اور حادثہ سالانہ چیتھرائی تہوار کے دوران ہوا۔
اس رتھ یاترا کو منگل کو نصف شب بڑی تعداد میں عقیدت مند کھینچ رہے تھے۔ اسی دوران اوپر سے جا رہے بجلی کے ہائی وولٹیج تار کی زد میں آگئی جس سے رتھ میں آگ لگ گئی اور دس لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
حادثے میں جھلسے تیرہ دیگر لوگوں کو تنجاور میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا، جہاں بدھ کی صبح تیرہ سالہ ایک نابالغ نے دم توڑ دیا۔ ایک دیگر شخص کی بھی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے جانچ شروع کر دی ہے۔