Sep ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں اسقاط حمل کی اجازت

ہندوستانی سپریم کورٹ نے اسقاط حمل کو خواتین کا حق قرار دے دیا۔

جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی سربراہی میں ہندوستانی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جمعرات کو ایک پچیس سالہ غیر شادی شدہ خاتون کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ تمام خواتین محفوظ اور قانونی اسقاط حمل کی حقدار ہیں جن میں غیر شادی شدہ عورتیں بھی شامل ہیں ۔

ہندوستانی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں، ایم ٹی پی کی تشریح کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی شدہ خواتین کی طرح ، غیر شادی شدہ ، بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین بھی چوبیس ہفتے تک کے جنین کے اسقاط کی حقدار ہیں ۔
سپریم کورٹ آف انڈیا نے اپنے فیصلے میں ایم ٹی پی ایکٹ کی تشریح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایکٹ کے مقاصد کے تحت، شادی شدہ اور غیر شادی شدہ خواتین میں فرق مصنوعی ہے جس کو آئینی طور پر برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔ ہندوستانی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شوہر کی طرف سے جنسی ہراسانی عصمت دری کی شکل بھی اختیار کرسکتی ہے، بنابرین اسقاط حمل کے مقاصد کے لئے ، قانون اور قواعد کے تحت، ازدواجی عصمت دری کے معنی کو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔

ٹیگس