کانگریس لیڈر کی جانب سے یوپی کارکنوں کا شکریہ
کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کے پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کئی طرح سے ڈرانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ آمرانہ حکومت کے سامنے نہیں جھکے اور اسی کا نتیجہ یہ ہے کہ آج ان کی جدوجہد ثمر آور ہوئی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق محترمہ گاندھی نےاتر پردیش کے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ لوگوں کو دھوپ اور دھول میں محنت کرتے دیکھا، آپ نہیں جھکے، آپ نہیں رکے، آپ نے مشکل ترین وقت میں لڑنے کا حوصلہ دکھایا۔
آپ پر تشدد کیا گیا، جھوٹے مقدمات بنائے گئے، آپ کو جیلوں میں ڈالا گیا، بار بار حراست میں لیا گیا لیکن آپ ڈرے نہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے آپ پر اور یوپی کے باشعور لوگوں پر فخر ہے جنہوں نے اس ملک کی گہرائی اور سچائی کو سمجھا اور پورے ہندوستان کو ہمارے آئین کو بچانے کا ٹھوس پیغام دیا۔
آپ نے آج کی سیاست میں ایک پرانا آئیڈیل دوبارہ قائم کیا ہے کہ عوام کے مسائل سب سے اہم ہیں اور ان سے انکار کی قیمت بھاری ہے۔ الیکشن عوام کے ہوتے ہیں، صرف عوام لڑتے ہیں، صرف عوام ہی جیتتے ہیں۔