ہندوستان میں "مردم شماری 2027" کے پہلے مرحلے کا آغاز
ہندوستان میں 'مردم شماری 2027‘ کا اہم مرحلہ آج سے شروع ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق مردم شماری کرنے والے افسران 40 سوالات مردم شماری کے دوران لوگوں سے پوچھیں گے۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے علاقوں میں یہ سلسلہ ’سیلف اینومریشن‘ (خود اپنی جانکاری درج کرنا) سے شروع ہوگیا۔
ہندوستانی وزارت داخلہ نے ان 40 سوالات کی فہرست پہلے ہی جاری کر دی ہے، جو مردم شماری افسران گھریلو شیڈول کے تحت لوگوں سے پوچھیں گے۔ مذکورہ علاقوں میں رہنے والے افراد 17 سے 31 اگست کے درمیان اپنی اطلاعات آن لائن بھر سکتے ہیں۔
31 اگست کے بعد مردم شماری کرنے والے ملازمین 40 سوالات کے ساتھ گھر گھر جا کر اطلاعات جمع کریں گے۔ یہ سلسلہ یکم ستمبر سے 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ملک کے دیگر حصوں میں مردم شماری اگلے سال فروری میں ہوگی۔
چیف مردم شماری افسر کے مطابق جموں و کشمیر کے 16 اضلاع ایسے ہیں جہاں شدید برف باری ہوتی ہے۔ ان اضلاع میں پہلے ہی مردم شماری کی تفصیلات جمع کرائی جائیں گی، کیونکہ ستمبر اکتوبر کے بعد پہاڑی علاقوں تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے۔
لداخ سے متعلق مردم شماری افسر نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے جب لداخ کی الگ سے مردم شماری ہو رہی ہے۔ 2019 میں مرکز کے زیر انتظام خطہ بننے کے بعد لداخ کو اپنا پہلا آفیشیل ڈاٹا ملے گا۔
واضح رہے کہ سرکاری حکم کے مطابق مردم شماری کے دوران جو سوالات پوچھے جائیں گے، ان میں ذات، درج فہرست ذات (ایس سی) اور شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) کا درجہ، مذہب، تعلیم، روزگار، ہجرت اور خاندان سے متعلق مختلف معلومات شامل ہیں۔ کوویڈ 19 ویکسینیشن کی جگہ سے لے کر بینک کھاتوں کی تعداد، موبائل نمبر، آدھار، ووٹر آئی ڈی اور پاسپورٹ جیسی اطلاعات بھی مانگی جائیں گی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel