ہندوستان: قریبی رشتوں میں شادی کے خلاف قانون؟
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i459144-ہندوستان_قریبی_رشتوں_میں_شادی_کے_خلاف_قانون
ہندوستانی سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ قریبی خونی رشتوں میں شادیوں کے تعلق سے قانون سازی کے جواز پر اپنا موقف پیش کرے۔
(last modified 2026-11-21T14:19:36+00:00 )
Nov ۲۱, ۲۰۲۶ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: قریبی رشتوں میں شادی کے خلاف قانون؟

ہندوستانی سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ قریبی خونی رشتوں میں شادیوں کے تعلق سے قانون سازی کے جواز پر اپنا موقف پیش کرے۔

سحرنیوز/ہندوستان: دہلی سے موصول میڈیا رپورٹ کے مطابق ہندوستانی سپریم کورٹ نے یہ کہتے ہوئے کہ وہ سرکار کو ہدایت نہیں دینا چاہتا، بس معاملے کی حساسیت سے اسے آگاہ کرنا چاہتا ہے، مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ قریبی خونی رشتوں میں شادیوں کے تعلق سے قانون سازی کے جواز پر اپنا موقف پیش کرے۔ 

چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیہ باغچی اور جسٹس وی موہنا کی بینچ نے یہ بھی کہا کہ عدالت (کزنس  کے درمیان ہونے والی) ایسی شادیوں کو منضبط نہیں کرسکتی۔ بینچ نے کہا کہ سماجی اصلاحات کے نکتے کو ملحوظ رکھتے ہوئے اس تعلق سے قانون سازی کا اختیار پوری طرح  سے مقننہ کو ہے۔

سپریم کورٹ بنگلور کی رہنے والی قانون کی طالبہ چاروی ایس کی اس عرضی پر شنوائی کررہا ہے جس میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا قانوناً ایسے رواج کو جاری رہنے کی اجازت دی جانی چاہیے جس کے نتیجے میں ایسے بچے پیدا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے جنہیں جینیٹک (جینیاتی) بیماریوں کا سامنا ہو۔ عرضی گزار کے مطابق  قریبی رشتہ داروں  کے درمیان شادی پر روک لگا کر اس سے بچا جاسکتاہے۔

عرضی پر مرکز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بنچ نے کہا کہ ’’ہم  نوٹس جاری کر رہے ہیں تاکہ حکومت ہند کو اس جانب متوجہ کیا جاسکے کہ کیا مناسب قانون سازی کی ضرورت ہے۔‘‘

بتایا جاتا ہے کہ طلاق ثلاثہ کے معاملے میں بھی سپریم کورٹ کے توجہ دلانے کے بعد ہی مودی سرکار نے قانون سازی کی تھی۔ 

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel