عبداللھیان: بحران یمن کے سیاسی حل پر تاکید
Aug ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بحران یمن کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائںدے اسماعیل ولد شیخ احمد کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں یمن کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ یمن کے مظلوم اور نہتے عوام خصوصا بچوں اور خواتین کا قتل عام بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے اور فوجی جارحیت کرنے والوں کو ان حملوں کے منفی اثرات کے سلسلے میں جواب دینا ہو گا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے علاقائی مسائل کو سیاسی طریقے سے حل کرنے پر مبنی ایران کے اصولی اور پائیدار نظریات اور علاقائی ممالک کی حالیہ مشاورت کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ایران بحران یمن کے سیاسی حل میں اقوام متحدہ کے مفید کردار پر زور دیتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ فوجی کارروائیوں کا بند کیا جانا اور سیاسی عمل کی تقویت، یمنی جماعتوں کے باہمی مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے اور سیاسی طریقے سے ہی یمن کا بحران حل کیا جا سکتا ہے۔ حسین امیر عبداللہیان کا مزید کہنا تھا کہ یمن میں جنگی صورتحال میں شدت پیدا کرنے اور بعض ممالک کے فوجی اقدامات جاری رہنے سے نہ صرف اس ملک کے بحران کو حل کرنے میں کوئی مدد نہیں ملے گی بلکہ ان سے اس ملک کا بحران مزید پیچیدہ ہو جائے گا۔ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ احمد نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں خطے میں اپنی مشاورتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں اصلی فتح امن کو حاصل ہو گی جنگ کو نہیں۔ اسماعیل ولد شیخ احمد نے مزید کہا کہ یمن کے بحران کو صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے اور اقوام متحدہ پائیدار جنگ بندی کے حصول کے لئے سیاسی عمل کی تکمیل اور یمن کی سیاسی جماعتوں اور گروہوں کے درمیان معاہدے کے لئے کوشاں ہے۔