Aug ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۱:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کا دورہ لبنان

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اپنے دورہ لبنان میں تہران اور بیروت کے درمیان جاری تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے کا جائزہ لیں گے-

بیروت میں اسلامی جمہوریہ ایرا ن کے سفیر نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، لبنان کے دورے میں تہران اور بیروت کے درمیان خاص طور سے اقتصادی شعبے میں تعاون کا جائزہ لیں گے- ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف منگل کو لبنان کے دورے پر بیروت جائیں گے- لبنان میں ایران کے سفیر محمد فتح علی نے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے دورہ لبنان کے موقع پر ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے مسائل کے سلسلے میں لبنانی شخصیات اور حکام سے ملاقات، ایرانی حکومت اور قوم کے ساتھ لبنانی حکومت اور قوم کی ہمراہی و یکجہتی، ایٹمی سمجھوتے کے پہلؤوں اور اس سے حاصل ہونے والے مواقع، لبنان کے مسائل اور دو طرفہ باہمی تعلقات بالخصوص اقتصادی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال، وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے دورہ بیروت کے اہم مقاصد ہیں- اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے مزید کہا کہ شام کی طرح لبنان بھی صیہونی حکومت کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے انجام پانے والی جد و جہد میں پیش پیش ہے اور اسی وجہ سے وہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی میں اہم مقام و پوزیشن کا حامل ہے- لبنان میں ایران کے سفیر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ صیہونی حکومت کے سوا تمام قومیں اور علاقے کے ممالک، ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی معاہدے کو اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے اہم کامیابی سمجھتے ہیں- لبنان میں ایران کے سفیر فتح علی نے کہا کہ پابندیوں کی حکمت عملی کی ناکامی اور ایٹمی معاہدہ نیز شام میں دہشت گردوں کی حمایت مکمل طور پر شکست سے دوچار ہونے کے باعث مغربی ایشیاء کے ممالک، بنیادی تبدیلی کے دہانے پر کھڑے ہیں اور اس سلسلے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ علاقے کی قومیں ان مداخلتوں کے نتائج سے باخبر ہو چکی ہیں-