ایران، لبنان اور علاقائی ممالک کا حامی: جواد ظریف
Aug ۱۲, ۲۰۱۵ ۲۰:۲۲ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں لبنان اور علاقائی ممالک کا حامی ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بدھ کے روز بیروت میں لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے ساتھ ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ علاقے اور لبنان کے عوام کے ساتھ رہا ہے اور باہمی تعاون و مدد کے ذریعے علاقے میں امن و سلامتی کی کوشش کرتا رہا ہے- جواد ظریف نے کہا کہ لبنان اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں اہم،نمایاں اور متوازن کردار کے حامل نبیہ بری کے ساتھ ہونے والی ملاقات لبنان اور علاقے کی صورت حال اور امن و سلامتی کی ضرورت کے بارے میں تبادلہ خیال کا اچھا موقع تھی- انہوں نے کہا کہ ایران کا ایٹمی معاہدہ ہونے کے بعد علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کا امکان بڑھ گیا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کو امید ہے کہ علاقے کو درپیش فرقہ پرستی، داخلی اختلافات، شدت پسندی اور دہشت گردی کے سنگین خطرات اس علاقے سے دور ہو جائیں گے- محمد جواد ظریف نے اس سے پہلے لبنان کے وزیر اعظم تمام سلام، حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ، لبنان کے وزیر دفاع سمیر مقبل اور لبنان میں مقیم فلسطینی تنظیموں کے اعلی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی تھی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی معاہدہ ہونے کے بعد علاقائی ممالک کے اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ منگل کی شام کو لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچے تھے-