بحرین کے واقعات سے ایران کا تعلق بے بنیاد: مرضیہ افخم
Aug ۱۴, ۲۰۱۵ ۰۸:۳۹ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے بحرین کے واقعات سے ایران کے تعلق پر مبنی دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے-
ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے بحرین میں ہونے والے واقعات سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلق پر مبنی بحرینی وزارت داخلہ کے بار بار دہرائے جانے والے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی اور تشدد کی ثقافت کو برآمد کرنے والے ذرائع اپنے دعووں سے کسی کو فریب نہیں دے سکتے کیونکہ لوگ ان ذرائع کی حقیقت کو جان چکے ہیں- مرضیہ افخم نے جمعرات کی رات خبر رساں ایجنسی اسنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی وزارت داخلہ علاقے کے ممالک اور حکومتوں کی طرف سے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کا خیر مقدم کئے جانے سے بوکھلا گئی ہے اور وہ اناڑی طریقے سے علاقے کی تعمیری سفارتی مہم کے خلاف قدم بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے- انہوں نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ حکومت بحرین علاقے کی حکومتوں اور اقوام کے درمیان پائے جانے والے ماحول سے بحرین کے داخلی مسائل کے حل کے لئے بخوبی استفادہ کرے- واضح رہے کہ بحرین کی وزارت داخلہ نے جمعرات کے روز ایک بیان میں علاقے میں شکست خوردہ ایرانو فوبیا منصوبے پر عمل کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ بحرینی حکام نے، بقول ان کے، ایران سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر سترہ علاقے میں ہونے والے حالیہ بم دھماکے میں ملوث ہونے کا الزام ہے- گزشتہ اٹھائیس جولائی کو بحرین کے علاقے سترہ میں ایک دہشت گردانہ بم دھماکا ہوا تھا جس میں دو بحرینی پولیس اہلکار ہلاک اور چھے زخمی ہو گئے تھے- قابل ذکر ہے کہ دارالحکومت منامہ کے نزدیک واقع علاقے سترہ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان آئے دن جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں-