Aug ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • تحریک مزاحمت کے لئے ایران کی حمایت جاری رہے گی، ڈاکٹر ولایتی

عالمی مجلس برائے بیدای اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ ایران استقامتی محور کی حمایت جاری رکھے گا-

عالمی مجلس برائے بیدای اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ بعض ملکوں کی سازشوں کے باوجود استقامتی محور کی تقویت کی ضرورت ہے- انھوں نے کہا کہ ایران ایٹمی سمجھوتے کے بعد اور زیادہ بہتر طریقے سے علاقے میں استقامتی محور کی مدد و حمایت کرے گا۔ تہران میں منعقدہ ورلڈ اہلبیت اسمبلی کے چھٹے عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ولایتی نے علما اور مسلمان دانشوروں نیز محبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کا ایک اہم ترین فریضہ، مسلمانوں کے درمیان تفرقہ اندازی سے متعلق دشمنوں کی خفیہ سازشوں کو بے نقاب کرنا قرار دیا۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے شام کے صدر بشار اسد کی قانونی حکومت گرانے کے لئے بعض رجعت پسند عرب ممالک اور مغربی ملکوں کی سازشوں کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی اس شکست کے سبب علاقے میں استقامتی محور کو تقویت ملی ہے۔ ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ مشرق وسطی میں جاری بحران کا دین و مذھب یا قوم و قبیلے سے کوئی تعلق نہیں ہے، بلکہ یہ تمام مشکلات اور خطے میں جاری بحران، اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لئے دشمنوں کے اقدامات کا نتیجہ ہے کہ جس کے تحت اسلام کو تشدد پسند دین ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عالمی مجلس برائے بیدای اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے صیہونی حکومت کے تحفظ کی خاطر علاقے کے ملکوں میں اختلافات اور بدامنی کو دشمنان اسلام کی ایک اور گہری سازش قرار دیا اور کہا کہ مغربی ممالک خصوصا امریکا بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر دہشت گرد گروہوں کی مدد و حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا علاقے کی صورتحال کو ایک ایسی سمت میں لے جانے کی سازشوں میں مصروف ہے کہ استقامتی محور کی توجہ اسرائیل کی جانب سے ہٹ جائے۔