Aug ۱۹, ۲۰۱۵ ۰۸:۲۲ Asia/Tehran
  • ورلڈ اہلبیت اسمبلی کی جنرل اسمبلی کا اجلاس اختتام پذیر

تہران میں ورلڈ اہلبیت(ع) اسمبلی کی جنرل اسمبلی کا چھٹا اجلاس منگل کی رات اختتام پذیر ہو گیا-

اطلاعات کے مطابق تہران میں منعقد ہونے والے ورلڈ اہل بیت(ع) اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے چھٹے اجلاس کے اختتام پر ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جسے اجلاس میں پڑھ کر سنایا گیا- اس اعلامیے میں آیا ہے کہ امریکی اور یورپی نوجوانوں اور یونیورسٹی طلبہ و طالبات کے نام رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام کو دیگر ادیان و مذاہب کے پیروؤں کے ساتھ رابطے کے سلسلے میں ایک روڈ میپ اور جاویداں منشور اور سامراج کی پروپیگنڈہ مہم، اغیار کے میڈیا کے تسلط سے مقابلے نیز مغربی سامراج کی طاقت و توانائی کو بڑھا چڑھا کر پیش کئے جانے اور اسلامو فوبیا کی نفی کے لیے ایک مستقل دستورالعمل کی حیثیت حاصل ہے- ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس اعلامیے میں اہلبیت(ع) کے پیروؤں کے نزدیک اہم ترین موضوع کی حیثیت سے شیعوں کے درمیان اتحاد پر تاکید کی گئی ہے اور اسلام، ثقافت اور تعلیمات اہلبیت(ع) کی شناخت کے اہم ترین محاذ کی حیثیت سے مساجد کے مقام پر توجہ دئیے جانے پر بھی زور دیا گیا ہے- اعلامیے میں ولی فقیہ و رہبر انقلاب اسلامی کے کردار کو تشیع کی قدرت و طاقت کی علامت قرار دیا گیا ہے اور اعلی حوزہ ہائے علمیہ یا اعلی دینی درسگاہوں کو پوری دنیا میں اسلام کے تحفظ کے اہم ترین مراکز میں شمار کیا گیا ہے- ورلڈ اہل بیت(ع)اسمبلی کی جنرل اسمبلی کا چھٹا چار روزہ اجلاس عالم اسلام کی مشکلات اور شیعوں سے متعلق مسائل کے بارے میں غور و خوض اور تبادلہ خیال کے بعد مںگل کی رات تہران میں اختتام پذیر ہو گیا-