Aug ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام سامراج مخالف تحریک جاری رکھیں گے۔ پارلیمنٹ کے ارکان کا اعلان

ایران کی پارلیمنٹ، مجلس شورائے اسلامی کے ارکان نے یکصدا ہوکر اعلان کیا ہے کہ ایرانی قوم، پوری طاقت کے ساتھ عالمی سامراج کا مقابلہ جاری رکھے گی۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اراکین نے ایران میں انیس اگست، انیس سو ترپن کی بغاوت کی مناسبت سے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ عالمی سامراج اور تسلط پسند نظام کا مقابلہ، ایک قرآنی فرمان ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا اور امریکہ آج کے دور کے سامراج کا ایک مکمل نمونہ ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اراکین کے بیان میں مغربی اور مشرقی تسلط پسند طاقتوں کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے اراکین نے رہبر انقلاب اسلامی کے حالیہ بیان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا کہ جس میں آپ نے فرمایا تھا کہ امریکہ، جوہری مذاکرات کے نتائج سے غلط فائدہ اٹھانے کے درپے ہے اور ایران میں اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی لحاظ سے مداخلت کرنا چاہتا ہے لہذا اس کا بھرپور مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے اور امریکہ کو ایران میں اثر و رسوخ پیدا کرنے کا ہرگز کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکہ اور برطانیہ نے انیس اگست سن انیس سو ترپن کو ایران میں قومی اتفاق رائے سے بر سر اقتدار آنے والی ڈاکٹر محمد مصدق کی حکومت کو گرا دیا تھا۔