دراندازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی
Aug ۲۰, ۲۰۱۵ ۲۱:۰۳ Asia/Tehran
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ ایران میں دراندازی کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر، میجر جنرل محمد علی جعفری نے اعلان کیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، ایرانی عوام کے شانہ بشانہ تسلط پسند طاقتوں کی دراندازی کی کوئی بھی ممکنہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ ایرانی قوم نے اہلبیت اطہار علیہم السلام کی تعلیمات اور حضرت امام خمینی رح کے سیاسی روش اور طریقوں کو مشعل راہ قرار دیا ہے جس کی رو سے یہ قوم ایک آزاد، خودمختار اور طاقتور قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام، اسلامی انقلاب کو عظیم اسلامی تمدن کا پیش خیمہ سمجھتے ہیں اور اسی مقصد کے تحت وہ، دشمنوں کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ایران کی برّی فوج کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل احمد رضا پوردستان نے بھی زور دیکر کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج، ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ بریگیڈیر جنرل احمد رضا پوردستان نے اعلان کیا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے فرمان کے مطابق فوجی مراکز کے معائنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور کوئی بھی معائنہ کار، ایران کے فوجی مراکز میں داخل نہیں ہو سکتا۔