دہشت گردی کا مشترکہ مقابلہ کرنا ضروری: حسین امیر عبداللہیان
Aug ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے دنیا کے تمام ممالک کی جانب سے دہشت گردی کا مشترکہ مقابلہ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور سوئٹزر لینڈ کے سیکرٹری خارجہ ایو رسیہ نے ہفتے کے دن اس ملک کے دارالحکومت برن میں شام اور یمن سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال اور خطے میں دہشت گردی سے مقابلے پر تبادلہ خیال کیا۔ حسین امیر عبداللہیان اور ایو رسیہ نے اس ملاقات میں یمن پر فوجی حملے بند اور اس ملک کا محاصرہ ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ فریقین نے انتہاپسندی اور دہشت گردی سے مقابلے کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دہشت گردی سے مقابلے کے لئے انجام دیئے جانے والے اب تک کے اقدامات کو ناکافی قرار دیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور سوئٹزر لینڈ کے سیکرٹری خارجہ ایو رسیہ نے لبنان میں سیاسی عمل کی تکمیل اور صدر کے جلد از جلد انتخاب پر بھی تاکید کی۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان خطے کی صورتحال کے بارے میں سوئٹزر لینڈ کے حکام کے ساتھ مذاکرات کرنے کے مقصد سے اس ملک کے دورے پر ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے جرمنی کا دورہ کیا تھا اور اس ملک کے بعض حکام کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال کے بارے میں گفتگو کی تھی۔