Aug ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • شام میں ایرانی نامہ نگار پر دہشت گردوں کا حملہ قابل مذمت: امیر عبداللہیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی ادارے شام میں آئی آر آئی بی کے نامہ نگار پر حملے کے بارے میں خاموش نہ رہیں-

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے منگل کے روز ایک پیغام جاری کر کے شام میں ایران کے ریڈیو اور ٹی وی کے ادارے آئی آر آئی بی کے نامہ نگار پر تکفیری دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں خاموش نہ رہیں- انہوں نے اس سلسلے میں بین الاقوامی صحافتی حلقوں کی خاموشی پر تنقید کی اور بحرانی علاقوں میں نامہ نگاروں کی بین الاقوامی حمایت کی ضرورت پر زور دیا- حسین امیر عبداللہیان نے شام کے بحرانی اور جنگ زدہ علاقوں میں ایران کے نامہ نگار کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے حکم پر دمشق میں ایرانی سفیر شام میں آئی آر آئی بی کے نامہ نگار کے فوری علاج معالجے کی سنجیدگی کے ساتھ نگرانی کر رہے ہیں- واضح رہے کہ شام کے مشرقی علاقے لاذقیہ میں پیر کی شام کو شامی فوج کی کارروائی کی رپورٹنگ کے دوران آئی آر آئی بی کے نامہ نگار محمد حسن حسینی دہشت گردوں کے فائر کئے گئے مارٹر گولے کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے تھے-