جمہوریت، امن اور ترقی عالمی پارلیمانی یونین کے اجلاس کا اہم ترین محور ہیں، لاریجانی
Aug ۳۰, ۲۰۱۵ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ جمہوریت، امن اور پائیدار ترقی عالمی بین پارلیمانی یونین کے چوتھے اجلاس کے تین اہم محور ہیں۔
مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے نیویارک پہنچنے پر ہمارے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ عالمی بین پارلیمانی یونین نے تاریخ کا طویل سفر طے کیا ہے اور وقتا فوقتا اقوام متحدہ میں اجلاس تشکیل دیتی رہتی ہے-ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بین پارلیمانی یونین کے سربراہی اجلاس کے انعقاد کا اہم مقصد یہ ہے کہ اس یونین اور اقوام متحدہ کے درمیان واضح اور قریبی روابط برقرار ہوسکیں-
در ایں اثنا عالمی بین پارلیمانی یونین کے سربراہ صابر حسین چودھری نے ڈاکٹر لاریجانی کے ساتھ ملاقات میں عالمی بین پارلیمانی یونین کے ساتھ مجلس شورائے اسلامی کے تعاون کو سراہا- انہوں نے گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایران کے سمجھوتے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سمجھوتے کے باعث ایران عالمی اور علاقائی مسائل میں نمایاں کردار ادا کرسکے گا-
ادھر عالمی بین پارلیمانی یونین کے سیکریٹری جنرل مارٹین چانگوگ نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی بین پارلیمانی یونین کے اعلامیے میں تشدد اور دہشت گردی پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ہی، تشدد کی روک تھام کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے-
واضح رہے کہ عالمی بین پارلیمانی یونین کا چوتھا اجلاس اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں پیر کی صبح سے شروع ہو رھا ہے جو بدھ کی شام تک جاری رہے گا-az30082015