امریکہ ایران کو الگ تھلگ کرنے میں ناکام رہا: محسن رضائی
Sep ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ ایران کو الگ تھلگ کرنے کے سلسلے میں امریکی پالیسیاں ناکام ہو گئیں-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے ہفتے کے دن کہا کہ ایران کی موثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے بڑی طاقتوں کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑا۔محسن رضائی کا کہنا تھا کہ ایران پرپابندیوں اوراسے الگ تھلگ کرنے کی پالیسی کے دو نتیجے برآمد ہوئے ایک یہ کہ آج ایران ایٹمی طاقت بن چکا ہے اور دوسرا یہ کہ ایران کا محاصرہ ختم ہوچکا ہے اوراس کے بین الاقوامی تعلقات کا از سرنو آغاز ہو گیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ امریکیوں کے طرز عمل سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ انہوں نے مجبورا پسپائی اختیارکی ہے اور وہ ایران کے خلاف نئے اقدامات انجام دینے کے درپے ہیں۔
محسن رضائی نے خطے کی صورتحال اوریمن پرسعودی عرب کے حملوں کے بارے میں کہا کہ خطے میں ریاض کی جانب سے پیدا کردہ کشیدگی کا خاتمہ ہونا چاہئے کیونکہ بدامنی میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری کا مزید کہنا تھا کہ خطے کو امن کی ضرورت ہے اور ہمیں اسلامی دنیا میں امن کی تقویت کے لئے تعاون کرنا چاہئے۔