آئی اے ای اے روڈ میپ پر عمل درآمد پر توجہ مرکوز کرے: رضا نجفی
Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۰۸:۱۹ Asia/Tehran
ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے رضا نجفی نے پارچین سائٹ کے بارے میں ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کے بیان کے رد عمل میں کہا ہے کہ بہتر ہے ایجنسی روڈ میپ کو عملی جامہ پہنانے پر اپنی توجہ مرکوز کرے-
ویانا سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی، آئی اے ای اے، کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں پچھلی بات کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ پارچین سائٹ میں ہونے والا تعمیراتی کام آئی اے ای اے کے معائنے کو متاثر کرے گا-رضا نجفی نے یوکیا امانو کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پارچین ایک روایتی فوجی سائٹ ہے اور اس میں ہونے والا تعمیراتی کام ایک فطری امر ہے، اس کا آئی اے ای اے سے کوئی تعلق نہیں ہے-
انہوں نے کہا کہ یہ موضوع اتنا واضح ہے کہ حتی امریکی حکام نے بھی اس کو قبول کیا ہے- رضا نجفی نے کہا کہ خود آئی اے ای اے کی رپورٹ میں بھی اس بات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ پارچین سائٹ کی ایک عمارت میں ایک چھوٹے سے حصے کے اضافے سے آئی اے ای اے کا کوئی تعلق نہیں ہے-
انہوں نے کہا کہ جیسا کہ یوکیا امانو نے خود بھی یہ بات دہرائی ہے کہ آئی اے ای اے نے ایران کے ساتھ ایک روڈ میپ پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق اقدامات فریقین کے ہاتھوں انجام پانے چاہییں اور ان کے درمیان مسائل دو ہزار پندرہ کے آخر تک حل ہو جانے چاہئیں اس لئے ایران کی نظر میں بہتر یہ ہے کہ آئی اے ای اے روڈ میپ پر عمل درآمد پر اپنی توجہ مرکوز کرے-