Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان
    اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے حج کے موقع پر یمن کے خلاف حملے جاری رکھنے کی وجہ سے سعودی عرب کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اتوار کے دن ارنا کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ حج کے موقع پر بھی یمن کے مسلمان عوام پر سعودی عرب کے حملے جاری ہیں جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ریاض حکومت کو قیام امن اور سفارتی کوششوں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یمن کی جنگ میں کسی کو بھی فوجی لحاظ سے کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایران نے یمن کے بحران سے نکلنے کے لئے سعودی عرب کو ایک مناسب راہ حل پیش کیا ہے اور ایران تمام یمنی گروہوں کے درمیاں قومی مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے تعاون نہ کئے جانے اور بعض عرب اور یورپی ممالک کے خاموش رہنے کی وجہ سے یمن تک انسان دوستانہ امداد کی ترسیل، محاصرے کے خاتمے اور جنگ بند کرانے پر مبنی اقوام متحدہ کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے بعض عرب ممالک کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ سے یمن پر اپنے حملوں کا آغاز کر رکھا ہے۔ جن میں سیکڑوں بچے اور خواتین سمیت تقریبا پانچ ہزار یمنی شہری شہید ہوچکے ہیں۔