Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
  • صدر ایران کے ساتھ برازیل کے وزیر خارجہ کی ملاقات
    صدر ایران کے ساتھ برازیل کے وزیر خارجہ کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ تہران لاطینی امریکہ میں امن و استحکام کے تحفظ میں برازیل کے کردار کا خیر مقدم کرتا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز تہران میں برازیل کے وزیر خارجہ ماورو وییرا کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ایران اور برازیل کے دوستانہ تعلقات دوطرفہ مفادات کی بنیاد پر استوار ہیں اور ان کا یہ دورہ، تہران اور برازیلیا کے تعلقات کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔

صدر مملکت نے ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان ایٹمی مذاکرات کے دوران برازیل کے کردار اور کوششوں کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ایران اور برازیل دنیا کے تمام ملکوں کی خود مختاری کا احترام کئے جانے پر یقین رکھتے ہیں۔
صدر کا کہنا تھا کہ تہران اور برازیلیا عالمی سطح پر یونی پولر ازم کے خلاف ہیں اور بین الاقوامی تعلقات میں تمام ملکوں کے ساتھ یکساں برتاؤ کئے جانے کے خواہاں ہیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ آج کی دنیا تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی مشکل میں گرفتار ہے اور اس کے خاتمے کے لئے تمام ممالک کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔
برازیل کے وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ اپنے کامیاب مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں مضبوط اور قریبی تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک اقتصادی شعبے میں تعلقات کے فروغ کے لئے اچھی گنجائشوں کے حامل ہیں-

ٹیگس