ایرانی نائب وزیر خارجہ امیر عبداللہیان آئںدہ پیر کو ماسکو جائیں گے
Sep ۱۸, ۲۰۱۵ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان آئندہ پیر کو اپنے روسی ہم منصب میخائل بوگدانوف سے ملاقات کے لئے ماسکو جائیں گے-
اطلاعات کے مطابق ایرانی نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان آئندہ پیر کو ماسکو جائیں گے جہاں وہ روس کے نائب وزیر خارجہ اور مشرق وسطی اور افریقہ کے لئے روسی صدر کے خصوصی نمائندے میخائل بوگدانوف سے ملاقات کریں گے ۔ اس ملاقات میں مشرق وسطی کے مسائل خاص طور سے شام کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا-اس سے پہلے حسین امیر عبداللہیان نے کہا تھا کہ تہران نے بحران شام کے حل کے لئے ایک منصوبہ شام کے صدر بشار اسد کو پیش کیا ہے- امیر عبداللہیان نے کہا کہ بشار اسد نے گزشتہ چار سال کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بحران شام کے حل کے سلسلے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے-
ادھر شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے بحران شام کے سیاسی حل سے پہلے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نتیجہ خیز بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ولید المعلم نے دمشق میں جمعرات کو شام کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسٹیفن دی میستورا کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ بحران شام کے سیاسی حل کے آغاز کے لئے دہشت گردی سے مقابلے کو اولیت حاصل ہے۔