ایران اورہالینڈ کے وزرائے خارجہ کی پریس کانفرنس
Sep ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۲:۵۲ Asia/Tehran
-
ایران اورہالینڈ کے وزرائے خارجہ کی پریس کانفرنس
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ہالینڈ مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد میں اہم کردارادا کرسکتا ہے-
ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اتوارکی صبح تہران میں ہالینڈ کے وزیرخارجہ البرٹ کوئنڈرس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران مذکورہ بات کہی- انہوں نے کہا کہ ایران اورہالینڈ دیرینہ تعلقات کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان شروع ہی سے وسیع سیاسی واقتصادی تعلقات رہے ہیں-محمدجوادظریف نے کہا کہ ایران اورہالینڈ تیل وگیس اورانرجی کے علاوہ آبی وسائل، زراعت اوردیگرشعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کوآگے بڑھا سکتے ہیں۔
ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ سیاسی میدان میں بھی ہالینڈ کے ساتھ دوطرفہ تعاون جاری رہنے اوراس میں فروغ کے بارے میں مفاہمت ہوئی ہے نیز پارلیمانی تعلقات اورمنشیات کی اسمگلنگ اورانسانی حقوق سمیت مختلف شعبوں کے بارے میں بھی دونوں ممالک کے مابین بات چیت کاعمل جاری ہے-
ہالینڈ کے وزیرخارجہ البرٹ کوئنڈرس نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں فروغ اورتقویت کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہالینڈ کی حکومت ایران کے ساتھ تیل و گیس اور آبپاشی و زراعت جیسے شعبوں میں تعاون میں دلچسپی رکھتی ہیں-
انہوں نے ایران اورگروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے پرعمل درآمد ہونا چاہئے-
ہالینڈ کے وزیرخارجہ البرٹ کوئنڈرس ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کی دعوت پراتوارکی صبح تہران پہنچے ہیں -