ایران اور یورپی یونین کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہوگا
Sep ۲۵, ۲۰۱۵ ۲۰:۱۲ Asia/Tehran
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران اور یورپی یونین کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہوگا۔
نیویارک میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران اور یورپ کے درمیان مذاکرات نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر شروع ہونگے اور بعد ازاں وزرائے خارجہ کی سطح تک پہنچ جائیں گے۔اس رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف آج رات نیویارک میں یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی سے ملاقات اور گفتگو کرنے والے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ پیر کے روز پانچ جمع ایک گروپ کے رکن ملکوں( امریکہ، فرانس، برطانیہ، جرمنی، روس اور چین) کے وزارئے خارجہ کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس اجلاس میں ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے نائب وزرائے خارجہ بھی شریک ہونگے۔ اجلاس میں جامع مشترکہ لائحہ عمل یا ایٹمی سمجھوتے کے پر عملدرآمد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے ایران کے وزیر خارجہ محمدجواد ظریف نے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے وزارت خارجہ کی خصوصی کمیٹی پہلے قائم کرنے کا حکم اور نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کو اس چیئرمین مقرر کردیا ہے۔
ایٹمی سمجھوتے کی نگرانی کے لئے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مشترکہ کمیشن کا پہلا اجلاس بھی جلد متوقع ہے تاہم اس کے لئے تاریخ اور جگہ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔