آل سعود کے خلاف مقدمہ چلائے جانے کی ضرورت پر تاکید
Sep ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۲:۵۶ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ بین الاقوامی عدالتوں میں آل سعود کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔
اسنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے اٹارنی جنرل حجت الاسلام و المسلمین سید ابراہیم رئیسی نے ہفتے کے دن کہا کہ حجاج کرام پر ظلم روا رکھنے کی بنا پر آل سعود کےخلاف بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جائے گا۔حجت الاسلام و المسلمین سید ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ سانحہ منی اور حجاج کرام کا مارا جانا افسوسناک امر ہے اور اسے آل سعود کی نااہلی اور بدانتظامی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
حجت الاسلام و المسلمین سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ حجاج پر راستے کو جان بوجھ کر بند کیا گیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا سانحہ ہے جس کو پہلے مد نظر رکھ کر اس کی روک تھام کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کے دن سعودی عرب کے اہلکاروں نے رمی جمرات کے لئے جانے والے حجاج کرام کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر اچانک راستے بند کر دیۓ جس کی وجہ سے حجاج آپس میں ٹکرا گئے اور بھگڈر مچ گئی۔
جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زیادہ حاجی جاں بحق ہوگئے۔
اس سے قبل گیارہ ستمبر کو بھی مسجدالحرام میں ایک کرین گرنے کے نتیجے میں کم از کم ایک سو سات حجاج جاں بحق اور دو سو اڑتیس زخمی ہوگئے تھے۔