Oct ۰۸, ۲۰۱۵ ۰۷:۴۴ Asia/Tehran
  • یمن پر حملہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے : عبداللھیان

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ یمن میں رہائشی علاقوں پر حملہ، انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے-

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف غیرملکی حملے فوری بند کرائے جانے کی ذمہ داری بین الاقوامی اداروں پر عائد ہوتی ہے-

انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں ، اسکولوں اور اسپتالوں پر حملے، انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں-

حسین امیر عبداللھیان نے بدھ کے روز یمن کی اعلی انقلابی کونسل کے اراکین کے ساتھ ملاقات میں،  غیرملکی مداخلت کے مقابلے میں یمنی عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئ‏ے کہا کہ یمن کی خودمختاری ، اقتدار اعلی  نیز ارضی سالمیت کے دفاع کے لئے یمنی عوام کی حمایت کرنا مسلمہ امر ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ یمن کے بحران کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جاسکتا اور اس کا واحد راستہ یمن کے پڑوسی ملکوں کی جانب سے اس ملک کے تمام فریقوں کے نظریات اور حقوق کا احترام کرنا ہے۔

یمن کی اعلی انقلابی کونسل کے نائب سربراہ نائف قانص نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ یمنی عوام اپنا دفاع اور اپنے ملک کی خودمختاری کی حمایت کر رہے ہیں اور اس کے لئے اب تک تیرہ ہزار سے زائد افراد شہید اور بیس ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں-

انہوں نے یمن کے خلاف جاری غیر انسانی محاصرے اور غیر ملکی جارحیتوں کے مقابلے میں بین الاقوامی اداروں کی خاموشی کو ہدف تنقید بنایا-

واضح رہے کہ یمن کی اعلی انقلابی کونسل کا وفد پیر کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام سے ملاقات کے لئے ایران پہنچا ہے-