ایران میں اسمارٹ آبیگولے یا تارپیڈو کی پروڈکشن لائن کا افتتاح
ایران کی وزارت دفاع نے جدید ترین آبیگولے یا تار پیڈو "والفجر" کی بڑے پیمانے پر تیاری کا کام شروع کردیا ہے۔
والفجر نامی آبیگولے یا تارپیڈوں کی پروڈکشن لائن کے افتتاح کے موقع وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دھقان اور مسلح افواج کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ تارپیڈو یا آبیگولہ ایک ایسا ہتھیار ہے جسے سطح سمندر اور سمندر کے اندر دشمن کے اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اسمارٹ والفجر آبیگولے یا تارپیڈوں کی پروڈکشن لائن کے افتتاح کے موقع پروزیردفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دھقان کا کہنا تھا کہ فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کرنا وزارت دفاع کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی سفارشات کی روشنی میں مسلح افواج کو اسقدر طاقتور بنانا چاہتے ہیں کہ ملکی دفاع کے ساتھ ساتھ جارحیت کے امکان کو ختم کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ والفجر آبیگولہ یا تارپیڈو اسمارٹ سسٹم سے لیس ہے اور صرف چند سیکنڈ کے اندر بڑے بڑے سمندری اہداف کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آبیگولے کو کسی بھی طرح سے اس کے ہدف سے منحرف بھی نہیں کیا جاسکتا۔
ایران کے وزیر دفاع نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ دنیا نے اس پیغام کو دریافت کرلیا ہوگا کہ ایران ہر خطرے کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کرے گا اور دنیا کا کوئی قانون یا قرار داد ایران کو دفاع کے حق سے محروم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی امن و سلامتی کا اطمینان حاصل کرنا ہمارے لئے ہر چیز سے زیادہ اہم ہے۔
اس موقع پر بحریہ کے سربراہ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے جدید ترین ہتھیاروں کی تیاری اور فراہمی پر وزارت دفاع کے ماہرین اور سائنسدانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ والفجر آبیگولہ سمندری دفاع کے حوالے سے انتہائی موثر اور کارآمد ہتیھار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ والفجر آبیگولہ ریڈار اور پری اسکوپ سسٹم کے ذریعے اپنے اہداف کا پتہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والفجر اسمارٹ آبیگولے یا تارپیڈو کو بحری جہازوں اور آبدوزوں دونوں کے ذریعے چلایا جاسکتا ہے۔